جہانیاں،میاں پور میں قدیمی مجلس عزاء، ماتمی جلوس برآمد
سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے اورعزائداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
جہانیاں (نامہ نگار) جہانیاں کے نواحی علاقہ میاں پور میں سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت سالانہ قدیمی مجلس عزا ئمنعقد ہوئی، جس کے بعد علم، شبیہہ ذوالجناح اور تعزیہ کا ماتمی جلوس برآمد کیا گیا۔ مجلس اور جلوس میں جہانیاں سمیت گردونواح سے عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی کے فرائض انجام دیتی رہی۔تفصیلات کے مطابق امام بارگاہ حیدریہؓ میاں پور میں منعقدہ مجلس عزا ء سے مولانا سبط حسن مہدی، مولانا سید قیصر عباس نقوی، علامہ عابد حسین نجفی اور قاضی افضال صفدر سمیت دیگر علماء کرام اور ذاکرین نے خطاب کیا۔ مقررین نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔مجلس کے اختتام پر امام بارگاہ حیدریہؓ سے شبیہہ ذوالجناح، علم اور تعزیہ کا ماتمی جلوس برآمد ہوا۔
جلوس میں مخدوم رشید، خانیوال، ٹاٹے پور، جہانیاں، میاں پور، ٹبہ سلطان پور اور دیگر علاقوں سے آنے والے عزاداروں نے شرکت کی۔ ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی قیادت آغا سید نذیر احمد شاہ، سید تنویر احمد شاہ، سید نعیم عباس شاہ، انجمن حسینیہؓ جہانیاں کے صدر سید عدنان قمر جعفری، سیکرٹری چودھری شہباز علی شانی اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او ملک عبدالمجید، انسپکٹر طاہر عباس اعوان، امن کمیٹی کے اراکین اور پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔