زکریا یونیورسٹی میں ہراسگی پر دو طلبہ کے خلاف کارروائی

زکریا یونیورسٹی میں ہراسگی پر دو طلبہ کے خلاف کارروائی

ایک طالب علم کو اخراج، دوسرے کو وارننگ اور نگرانی میں رکھا گیا

ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی انتظامیہ نے شعبہ انگریزی میں طالبات کو ہراساں کرنے ، خوف و ہراس پھیلانے اور نامناسب رویے کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے دو طلبہ کے خلاف تادیبی سزائیں جاری کر دی ہیں۔یونیورسٹی لیگل برانچ کے مطابق ڈپارٹمنٹل ڈسپلن کمیٹی نے 12، 21 اور 22 مئی 2026 کو ہونے والے اجلاسوں میں طالبات کی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شکایات میں بعض طلبہ پر ہراسگی، دھمکانے اور غیر اخلاقی رویے کے الزامات شامل تھے ۔کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرنے اور طلبہ کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد ایم فل انگلش کے طالب علم شمیل احمد ہاشمی کو الزامات میں ملوث قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق طالبات نے شکایت کی کہ مذکورہ طالب علم نے متعدد مواقع پر ہراساں کیا، خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی اور نامناسب ریمارکس دیئے۔

کمیٹی نے ضابطہ اخلاق کے تحت شمیل احمد ہاشمی کو جامعہ سے اخراج کی سزا سنائی اور 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔دوسری جانب ایم فل انگلش کے طالب علم علی حمزہ کے خلاف شکایات پر کارروائی کے بعد اسے وارننگ جاری کرتے ہوئے نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں طلبہ 15 روز کے اندر چیئرمین سنڈیکیٹ کے پاس اپیل دائر کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ہراسگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں