چوری و نقب زنی کی پانچ وارداتیں، لاکھوں کا سامان لے اڑے
موبائل شاپ، گھروں، دکانوں اور زرعی رقبہ سے قیمتی اشیاء چوری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ضلع کوٹ ادو میں چوری اور نقب زنی کی پانچ مختلف وارداتوں میں نامعلوم ملزمان لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، موبائل فونز، الیکٹرانک سامان اور سولر موٹر چوری کرکے فرار ہوگئے ۔ تھانہ قصبہ گجرات کے علاقے میں نامعلوم چور دکان کی چھت میں نقب لگا کر نقدی، تمباکو اور دیگر سامان لے گئے ۔ موضع کہاوڑ میں ایک گھر سے یو پی ایس، بیٹری، لیپ ٹاپ، پنکھا اور کمبل چوری کر لیے گئے ۔ قصبہ گجرات میں موبائل شاپ کی دیوار توڑ کر 22 موبائل فون، جاز ڈیوائسز، میموری کارڈز، ایئرپوڈز، ہینڈ فری اور نقدی چرا لی گئی۔ چک نمبر 524 ٹی ڈی اے میں کریانہ سٹور سے نقدی، سگریٹ اور دیگر سامان چوری کر لیا گیا جبکہ موضع ٹبہ مستقل شرقی میں زرعی رقبہ سے 15 ہارس پاور سولر موٹر بھی چوری کر لی گئی۔ پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔