انگلش ٹریننگ اساتذہ کیلئے حکومتی ریلیف کا اعلان
ٹریننگ کے دوران اساتذہ کا کنوینس الاؤنس نہیں کاٹا جائے گا
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے انگلش لینگویج پروفیشنسی ٹریننگ پروگرام میں شریک سرکاری اساتذہ کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ تربیت کے دوران ان کا کنوینس الاؤنس کسی صورت منہا نہیں کیا جائے گا کیونکہ وہ سرکاری احکامات کے تحت ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے چیف ایگزیکٹو افسروں، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف منسٹر اسپیشل انیشی ایٹو کے تحت جاری پروگرام میں شریک اساتذہ کے الاؤنس میں کسی قسم کی کٹوتی نہ کی جائے ۔پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی کی نگرانی میں 35 ہزار سرکاری اساتذہ کو نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور برلٹز کے تعاون سے انگریزی زبان کی مہارت بڑھانے کی تربیت دی جا رہی ہے ۔محکمہ تعلیم کے مطابق اگر کسی ضلع میں پہلے ہی کٹوتی کی جا چکی ہے تو اسے فوری درست کیا جائے ۔ واضح رہے کہ اس وقت پنجاب بھر کے اساتذہ اس ٹریننگ کا بائیکاٹ کئے ہوئے ہیں اور حکومت نے انہیں ٹریننگ میں شامل کرنے کیلئے یہ ریلیف پیکیج دیا ہے ۔