سکول پرائیویٹائزیشن تیسرے مرحلے کے نتائج جاری
2682 سرکاری سکول آؤٹ سورس، امیدواروں کا اپیل شیڈول بھی جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سرکاری سکولوں کی پرائیویٹائزیشن کے تیسرے مرحلے کے ابتدائی نتائج جاری کرتے ہوئے اپیلوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے ۔ اس مرحلے میں صوبہ بھر کے 2682 سرکاری سکول آؤٹ سورس کئے جا رہے ہیں تاکہ تعلیمی معیار بہتر بنایا جا سکے اور طلبہ کو معیاری سہولیات فراہم ہوں۔ترجمان پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق 75 فیصد سکول میرٹ پر پورا اترنے والے درخواست دہندگان کو ینگ انٹرپرینیورز اور انفرادی کیٹیگری کے تحت الاٹ کئے گئے ہیں جبکہ باقی سکول غیر سرکاری تنظیموں اور ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمپنیوں کو دیئے جائیں گے ۔اعلامیے کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع دینا، سرکاری سکولوں کی کارکردگی بہتر بنانا اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے ۔نتائج ابتدائی ہیں اور شکایات ازالہ کمیٹی میں اپیلوں کے فیصلوں کے بعد تبدیلی ممکن ہے ۔ امیدوار اپنے نتائج پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر شناختی کارڈ نمبر درج کرکے دیکھ سکتے ہیں۔