محکمانہ کارروائی ،چھ میپکو ملازمین ملازمت سے برطرف
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ملتان سرکل انتظامیہ نے محکمانہ کارروائی مکمل کرتے ہوئے آپریشن سب ڈویژن بوسن روڈ کے چھ ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔
برطرفی کے احکامات سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل انجینئر ساجد حسین گوندل نے پاکستان واپڈا ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن (ای اینڈ ڈی) رولز 1978ء کے تحت جاری کیے ۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ ملازمین کے خلاف ایڈیشنل منیجر (مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس) میپکو ہیڈکوارٹر کی جانب سے انکوائری کی گئی تھی، جس کی منظوری چیف انجینئر کسٹمر سروسز نے دی۔ انکوائری رپورٹ میں موجود دستاویزی شواہد کی بنیاد پر ملازمین کو قواعد کے مطابق لیٹر آف ایکسپلینیشن جاری کر کے وضاحت طلب کی گئی۔ موصول ہونے والے جوابات کا جائزہ لینے کے بعد تمام ملازمین کو ذاتی سماعت کا بھی موقع فراہم کیا گیا۔، جس کے بعد انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ برطرف کیے جانے والوں میں لائن سپرنٹنڈنٹ گریڈ سیکنڈ احمد خان، لائن مین گریڈ فرسٹ ادریس احمد، شفقت علی اور جاوید اقبال، اسسٹنٹ لائن مین سید عامر شاہ اور میٹر ریڈر محسن شہزاد شامل ہیں۔