بہو کو مبینہ زہریلا مشروب پلانے کا الزام،تحقیقات شروع
ملتان (کرائم رپورٹر)بی زیڈ پولیس نے بہو کو مبینہ طور پر زہریلا مشروب پلانے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق نشیمن کالونی کی رہائشی جویریہ نے اطلاع دی کہ وہ اپنی ساس سے ملاقات کے لیے سبزازار میٹرو سٹیشن کے قریب واقع گھر گئی، جہاں مبینہ طور پر اس کی ساس نے اسے زہریلا مشروب پلایا۔ مشروب پینے کے بعد اس کی طبیعت بگڑ گئی، جس پر اسے فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر بی زیڈ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔