غلط انجکشن لگانے کا الزام، محنت کش ٹانگ سے معذور
پیٹ میں درد تھا ، ہسپتال میں ڈاکٹر نے صفائی کرنیوالے سے ٹیکا لگوادیا :عظیم ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر شاہد کو معلوم نہیں انجکشن کس نے لگایا تھا:میڈیکل آفیسر
گگومنڈی (نامہ نگار) مریم نواز ہسپتال گگومنڈی میں غلط انجکشن لگائے جانے کے مبینہ الزام پر ایک محنت کش شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حاجی آباد موڑ کے رہائشی محمد عظیم نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک ہفتہ قبل پیٹ میں درد کی شکایت پر ہسپتال گیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے مبینہ طور پر صفائی کرنے والے ملازم سے انجکشن لگوایا۔ متاثرہ کے مطابق انجکشن لگتے ہی اس کی دائیں ٹانگ سن ہوگئی اور گھر پہنچتے پہنچتے اس نے حرکت کرنا بند کر دی۔ اس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں دوبارہ ہسپتال جانے پر میڈیکل آفیسر نے مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کیا اور کمرے سے نکال دیا رابطہ کرنے پر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ثاقب اسحاق نے مؤقف اختیار کیا کہ اس وقت ڈاکٹر شاہد ڈیوٹی پر تھے ، انہیں معلوم نہیں کہ انجکشن کس نے لگایا تھا۔