3 بچوں کے باپ کی درخت سے لٹکتی لاش برآمد
3 بچوں کے باپ کی درخت سے لٹکتی لاش برآمد فیاض جوس کا کام کرتا تھا ، بیوی 3ماہ قبل بچے لیکر میکے چلی گئی تھی
میلسی (نامہ نگار،نمائندہ دنیا) میلسی کے نواحی علاقے موضع بستی کوٹ مٹھن میں تین بچوں کے باپ کی مبینہ طور پر خودکشی کے واقعہ پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق بستی کوٹ مٹھن کا رہائشی فیاض ولد اقبال، جو جوس فروخت کرنے کا کام کرتا تھا، صبح سویرے اپنے گھر میں درخت سے گلے میں رسی ڈالے لٹکا ہوا پایا گیا۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ اہل علاقہ اور قریبی عزیزوں کے مطابق متوفی کی اہلیہ تقریباً تین ماہ قبل بچوں کو ساتھ لے کر ناراضگی کے باعث اپنے میکے چلی گئی تھی، جس کے بعد وہ گھر میں اکیلا رہ رہا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ موت کی اصل وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مکمل تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔