انجمن تاجران ریلوے روڈ کی تقریب حلف برداری کا اہتمام
تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کردار اداکیا جائے گا، زاہد عدنان
ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران ریلوے روڈ کی حلف برداری کی تقریب میں شیخ طارق رشید اور حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور بازاروں کی ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر زاہد عدنان گڈو اور جنرل سیکرٹری مدثر قریشی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور رکن پنجاب اسمبلی شیخ سلمان نعیم کی جانب سے 500 سٹریٹ لائٹس کی تنصیب پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی تعاون جاری رہے گا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ریلوے روڈ اور گردونواح میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کے پیش نظر متعلقہ تھانے کی گشت بڑھائی جائے تاکہ تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران اپنے تمام عہدیداروں کے ساتھ مل کر تاجروں کے مسائل کے حل، سرکاری اداروں سے بہتر روابط اور بازار کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کرے گی، جبکہ انجمن کے دروازے ہر تاجر کے لئے کھلے رہیں گے ۔تقریب سے ظفر اقبال صدیقی، سعد کانجو، شیخ طاہر امجد، عزیزالرحمن، نادر سردار، ناصر سردار، خالد قریشی، حاجی توصیف، حاجی نثار احمد مغل اور محمد ارشد خان نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سرپرست اعلیٰ رانا جاوید علی، چیئرمین شیخ عبدالرؤف، سرپرست شیخ محمد اکرم، سینئر نائب صدور، نائب صدور، فنانس سیکرٹری، مجلس عاملہ کے ارکان اور دیگر نومنتخب عہدیداروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا، جبکہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا گیا۔