کچہری مسائل حل کرائیں وکلاء کی سینئر جج سے اپیل
ملتان (کورٹ رپورٹر) ضلع کچہری ملتان میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر وکلاء نے سینئر جج لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کو درخواست جمع کرا دی۔۔۔
، جس پر 500 سے زائد وکلاء نے تائیدی دستخط کئے ہیں۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلع کچہری میں بجلی کی فراہمی کا نظام انتہائی فرسودہ اور ناقص ہے ۔ شدید گرمی کے موسم میں روزانہ کئی گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث سائلین، بزرگ، بچے ، زیر حراست ملزم اور وکلاء شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ شکایات کے باوجود بجلی کی بندش کو فنی خرابی قرار دے کر معاملہ ٹال دیا جاتا ہے ۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع کچہری میں آنے والے سائلین کے لئے نہ مناسب سایہ موجود ہے ، نہ ٹھنڈے اور صاف پانی کا مؤثر انتظام، جبکہ نصب کئے گئے چند واٹر کولر ضرورت کے مقابلے میں ناکافی ہیں اور اکثر خراب رہتے ہیں۔وکلاء نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث کچہری میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خور و نوش کی فروخت جاری ہے ، جس سے سائلین اور دیگر افراد متاثر ہو رہے ہیں۔درخواست گزاروں نے سینئر جج سے مطالبہ کیا کہ وہ ضلع کچہری کا خود دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیں اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی، صاف پانی، مناسب سایہ، پنکھوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ غیر معیاری خوراک کی فروخت کے خلاف بھی مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔