پاکستان نے خطے میں امن کیلئے مثبت کردار ادا کیا، نذیر آرائیں

پاکستان نے خطے میں امن کیلئے مثبت کردار ادا کیا، نذیر آرائیں

جنگ کے پھیلاؤ سے عالمی امن متاثر ، تمام ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے

گگو منڈی (نامہ نگار) سابق صوبائی وزیر، سابق رکن قومی اسمبلی اور گروپ لیڈر ضلع وہاڑی چوہدری نذیر احمد آرائیں نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کی کوششوں میں اہم سفارتی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے ۔چوہدری نذیر احمد آرائیں نے کہا کہ اگر جنگ کا دائرہ وسیع ہوا تو اس کے اثرات پورے خطے اور عالمی امن پر مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے سے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ خطے کی صورتحال اور تاریخی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران آسانی سے ہتھیار ڈالنے والا ملک نہیں اور اپنی پالیسی کے مطابق ردعمل دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو جنگوں کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دینی چاہیے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ خطے میں امن کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں