ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے کسانوں کو آگاہی دینے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کا اجلاس، کپاس اور مویشیوں کے تحفظ کیلئے اقدامات تیز کرنے کا حکم
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت شدید گرمی کے حالیہ موسمی حالات کے تناظر میں ہیٹ ویو مینجمنٹ پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت (توسیع) کے فیلڈ عملے کو فوری متحرک ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر کسانوں کو اگیتی اور موسمی کپاس کی کاشت اور فصل کو شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے بھرپور آگاہی دی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ سٹاف گاؤں گاؤں جا کر کسانوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرے تاکہ کپاس کی بہتر پیداوار یقینی بنائی جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ لائیو سٹاک کو بھی ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات، خصوصاً سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں، کو شدید گرمی کے دوران جانوروں کی دیکھ بھال، مناسب پانی کی فراہمی، سایہ اور دیگر حفاظتی اقدامات سے متعلق مؤثر رہنمائی فراہم کی جائے ۔
اجلاس میں ہیٹ ویو مینجمنٹ پلان پر مؤثر عملدرآمد، مختلف محکموں کے درمیان رابطہ مزید بہتر بنانے اور کسانوں تک بروقت آگاہی پہنچانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔