سرائے سدھو،حق نواز قتل کیس، مرکزی ملزموں سمیت 10 گرفتار

سرائے سدھو،حق نواز قتل کیس، مرکزی ملزموں سمیت 10 گرفتار

پولیس کا انصاف کی فراہمی کا عزم ،عوامی و سماجی حلقوں کاٹیم کی کارکردگی کو خراج تحسین

بارہ میل (نمائندہ دنیا)سرکل پولیس کبیروالا نے تھانہ سرائے سدھو کی حدود اولک سندھو میں پیش آنے والے قتل کے مقدمہ میں ملوث مرکزی ملزمان سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی ایس پی کبیروالا منور حسین گجر، ایس ایچ او رانا گلفراز اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے دوران یوم عاشور کے روز اولک سندھو قبرستان میں قدیانہ اور رانا برادری کے افراد کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے دوران فائرنگ سے حق نواز قدیانہ جاں بحق جبکہ دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ سرائے سدھو میں درج کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر چند ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جبکہ مرکزی ملزمان فرار تھے ۔ ڈی ایس پی کبیروالا منور حسین گجر اور ایس ایچ او سرائے سدھو رانا گلفراز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، جنہوں نے کارروائی کرتے ہوئے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں مجاہد، ثقلین، سجاد، رانا شاہد، بلاول، عرفان، رانا شہباز، محمد مظہر، فوجی مشتاق اور مجاہد عرف نواز نازو شامل ہیں۔ڈی ایس پی کبیروالا منور حسین گجر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولک سندھو واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، تمام ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں