پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف کوٹ ادو میں احتجاج
اضافی لیوی ختم کرکے عوام کو فوری ریلیف دیا جائے ،جماعت اسلامی کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر کوٹ ادو میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور اضافی لیوی کے نفاذ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں، سول سوسائٹی، تاجر تنظیموں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹ ادو فرقان آصف بزدار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اضافی پیٹرولیم لیوی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔
امیر جماعت اسلامی شہر کوٹ ادو جاوید اقبال اخوان نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مسائل کا شکار ہیں، ایسے حالات میں مزید مالی بوجھ ناقابل قبول ہے ۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور اضافی لیوی واپس لی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔