تیز رفتار ٹرک کی ٹکر، موٹر سائیکل سوار میاں بیوی زخمی
پل 14 کے قریب حادثہ، ریسکیو اہلکاروں نے زخمی جوڑے کو ہسپتال منتقل کر دیا
جہانیاں (نمائندہ دنیا) تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔تفصیل کے مطابق وہاڑی ملتان روڈ پر اڈا پل 14 کے قریب اظہار فیکٹری کے سامنے تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 جہانیاں کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول ہسپتال جہانیاں منتقل کر دیا۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں 62 سالہ سید فرحت اور ان کی 55 سالہ اہلیہ مسز فرحت شامل ہیں، جو رحیم شاہ جہانیاں کے رہائشی ہیں۔ دونوں ملتان سے واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ پل 14 کے قریب حادثے کا شکار ہو گئے ۔حادثے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تاہم ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا۔