جے یو آئی کی تحفظ مدارس و عوامی حقوق کانفرنس آج ہوگی

جے یو آئی کی تحفظ مدارس و عوامی حقوق کانفرنس آج ہوگی

مولانا فضل الرحمن خطاب میں آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

ماہڑہ (نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام پنجاب کے زیر اہتمام تحفظ مدارس دینیہ و عوامی حقوق کانفرنس آج پھول نگر، قصور میں منعقد ہوگی، جس سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خصوصی خطاب کریں گے ۔جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات حافظ غضنفر عزیز نے مولانا حبیب الرحمن اکبر اور زاہد مقصود احمد قریشی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ انتظامات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن جلسہ عام میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ کانفرنس سے جے یو آئی کے مرکزی اور صوبائی قائدین بھی خطاب کریں گے ۔حافظ غضنفر عزیز نے کہا کہ پھول نگر کا جلسہ عام جے یو آئی کا بڑا عوامی اجتماع ہوگا، جس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس کے دفاع اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام دینی قوتوں کا متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے ۔ پھول نگر کانفرنس دینی مدارس کے تحفظ اور اسلامی اقدار کے فروغ کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں