ڈاکٹرز کی غیر حاضری، کچاکھوہ ہسپتال میں مریض پریشان
طبی عملے کی مسلسل عدم موجودگی پر شہریوں کا اظہار تشویش، نوٹس لینے کا مطالبہ
کچاکھوہ (نامہ نگار) کچاکھوہ سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹرز، ڈسپنسرز اور دیگر طبی عملے کی مسلسل غیر حاضری کے باعث مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کے مطابق ہسپتال میں عملے کی غیر موجودگی معمول بنتی جا رہی ہے ، جس کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔مریضوں اور ان کے لواحقین نے بتایا کہ صبح کے اوقات میں ہسپتال پہنچنے کے باوجود ڈاکٹرز دستیاب نہیں ہوتے ، جس سے انہیں علاج معالجے کے لیے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے محکمہ صحت کی اس صورتحال کو غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا حکام کی ذمہ داری ہے ۔عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عملے کی حاضری کا نظام بہتر نہ کیا گیا تو کسی بھی وقت بڑا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال، سی ای او ہیلتھ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کا فوری نوٹس لے کر غیر حاضر ڈاکٹرز اور عملے کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر آ سکے ۔