غیر قانونی موگے تڑوانے والوں کے خلاف کارروائی شروع
سرکل افسروں کا نوٹس، سدھنائی کینال اور مخدوم رشید برانچ میں مرمت کا آغاز
بارہ میل (نمائندہ دنیا) غیر قانونی طور پر موگے تڑوانے والوں کے خلاف محکمہ انہار نے کارروائی شروع کر دی۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر حویلی کینال سرکل ملتان آفتاب احمد بھٹی کے نوٹس پر سدھنائی کینال رانگو پل اور مخدوم رشید برانچ میں تڑوائے گئے موگوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا۔تفصیل کے مطابق سدھنائی کینال رانگو پل کے مقام پر چار موگے غیر قانونی طور پر تڑوانے کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جبکہ مخدوم رشید برانچ میں بھی چار غیر قانونی موگوں کی نشاندہی ہوئی۔ محکمہ انہار حکام کے مطابق تمام موگوں کی ریپیرنگ کا عمل جاری ہے ۔آفتاب احمد بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کام کرنے والے سرکاری ملازمین یا دیگر افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نہری نظام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال مخدوم رشید برانچ میں غیر قانونی موگوں کے باعث لیکیج ہوئی تھی، جس سے نہر کو نقصان پہنچا اور متعدد ایکڑ فصلیں متاثر ہوئیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سدھنائی کینال رانگو پل، جو 2500 کیوسک پانی کی گنجائش رکھتی ہے ، کو نقصان پہنچنے کی صورت میں بڑا نقصان ہو سکتا ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے بروقت کارروائی پر آفتاب احمد بھٹی کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔