کرم پور بازار ،گلیوں میں تجاوزات ، آمدورفت میں مشکلات
قبضوں سے گلیاں اور بازار سکڑ گئے ، پیرا فورس سے فوری کارروائی کا مطالبہ
کرم پور (سٹی رپورٹر) کرم پور کے اندرون بازار اور گلیوں میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ وہاڑی، حکومت پنجاب اور پیرا فورس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق بازار اور گلیاں ناجائز تجاوزات، پھٹوں، اسٹالز اور غیر قانونی قبضوں کی وجہ سے سکڑ کر رہ گئی ہیں، جس کے باعث پیدل چلنے والے شہریوں، دکانداروں، خواتین، بزرگوں اور بچوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری جگہوں پر قبضوں کے باعث عوامی راستے متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے فوری طور پر تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر، میونسپل کمیٹی اور پیرا فورس حکام سے اپیل کی ہے کہ بازار کو عوام کے لیے کھلا اور محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص سرکاری راستوں پر تجاوزات قائم نہ کر سکے ۔