نہروں پر پانی چور مافیا کا راج، ٹیل کے کاشتکار پریشان

نہروں پر پانی چور مافیا کا راج، ٹیل کے کاشتکار پریشان

محکمہ انہار کی مبینہ غفلت، غیر قانونی کٹ لگنے سے فصلوں اور گھروں کو نقصان

مونڈ کا (نامہ نگار) نہروں پر غیر قانونی کٹ لگا کر پانی چوری کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث ٹیل کے کاشتکار نہری پانی سے محروم جبکہ فصلوں اور گھروں کو نقصان کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے محکمہ انہار کی مبینہ غفلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق شاہ جمال اور گردونواح کے علاقوں شریف چھجڑا، یارا جوئیہ، احمد موہانہ، مہر پور، عثمان کوریا، دانڑیں اور چوک مکول علی دی بستی سے گزرنے والی نہروں پر مبینہ طور پر پانی چوری کے لیے جگہ جگہ کٹ لگائے جا رہے ہیں۔مقامی افراد کے مطابق نہروں کے پشتے کمزور ہو چکے ہیں اور کئی مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کے باعث قریبی فصلوں اور آبادیوں کو نقصان پہنچتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ نالہ ناگ واہ بستی گربھڑ کے مقام پر متعدد بار شگاف پڑنے کے باوجود مستقل بنیادوں پر مرمت نہیں کی گئی۔کاشتکاروں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ انہار کے بعض اہلکاروں کی مبینہ غفلت کے باعث پانی چوری کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نہروں کے پشتے مضبوط کیے جائیں، پانی چوری روکی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ٹیل کے علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں