کوآرڈینیٹروفاقی محتسب کی کچہری، 30شکایات نمٹا دیں

کوآرڈینیٹروفاقی محتسب کی کچہری، 30شکایات نمٹا دیں

7 لاکھ روپے کی واپسی، بجلی کنکشن بحال، اداروں کو عملدرآمد کے احکامات

ملتان (لیڈی رپورٹر)کوآرڈینیٹر ساؤتھ پنجاب و ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب ملتان ڈاکٹر محمد زاہد نے شجاع آباد کا دورہ کرکے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں وفاقی اداروں کی بدانتظامی کے خلاف عوامی شکایات کی سماعت کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر شہریوں سے تحریری درخواستیں وصول کی گئیں اور 30 سے زائد شکایات موقع پر ہی نمٹا دی گئیں۔ڈاکٹر محمد زاہد نے مختلف بلوں کی مد میں شہریوں کو سات لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کرنے کے احکامات جاری کئے ، جبکہ میپکو کے متعلقہ ایس ڈی اوز کو آٹھ سے زائد بجلی کنکشن فوری بحال کرنے کی ہدایت دی۔ متعلقہ افسروں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کی ہدایات پر سات خراب بجلی میٹر بھی تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے واپڈا، سوئی گیس، نادرا، پاکستان ریلوے ، پوسٹل لائف انشورنس، زرعی ترقیاتی بینک، پاکستان بیت المال اور دیگر وفاقی اداروں کے فوکل پرسنز کو زیر التوا شکایات پر فوری عملدرآمد کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر بلا تاخیر عمل یقینی بنایا جائے گا اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنی شکایات سادہ کاغذ پر تحریر کرکے بلا معاوضہ جمع کرا سکتے ہیں اور وفاقی محتسب قانون کے مطابق ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے کوشاں ہے ۔ بعدازاں انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی شجاع آباد فیصل مختار سندھو سے ملاقات کی، جس میں وفاقی محتسب کے غیر رسمی مصالحتی نظام اور رجسٹریشن کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...