صادق پبلک سکول انتظامی بحران کا شکار، اہم عہدے خالی
بورڈ آف گورنرز تشکیل نہ پا سکا، مستقل سربراہوں اور ڈینز کی عدم تعیناتی پر تشویش
بہاولپور (خبر نگار، سٹی رپورٹر)جنوبی پنجاب کے معروف تعلیمی ادارے صادق پبلک سکول بہاولپور میں انتظامی معاملات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ادارے میں پرنسپل، سینئر ہیڈ ماسٹر اور پریپ سکول ہیڈ ماسٹر سمیت اہم عہدے طویل عرصے سے خالی ہیں، جبکہ متعدد شعبوں کے ڈینز بھی موجود نہیں یا ریٹائرڈ ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق ادارے کا بورڈ آف گورنرز بھی تاحال تشکیل نہیں دیا جا سکا، جس کے باعث انتظامی اور تعلیمی معاملات متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً ایک سال قبل تعینات غیر ملکی پرنسپل پاکستان چھوڑ کر چلے گئے تھے ، تاہم ان سے واجب الادا رقوم کی وصولی کا عمل بھی مکمل نہیں ہو سکا۔ذرائع کے مطابق ادارہ مستقل سربراہ کے بجائے قائم مقام انتظامیہ کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ۔ تعلیمی اور سماجی حلقوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی شہرت رکھنے والے ادارے کے لیے مستقل انتظامی ڈھانچہ ضروری ہے ، بصورت دیگر ادارے کے نظم و نسق اور تعلیمی معیار پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments