سکولوں میں کیمرے، بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنیکا حکم
کلاس رومز، دفاتر سمیت دیگر مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب،اساتذہ ،عملے کی بائیومیٹرک حاضری یقینی بنانے کی ہدایات تعلیمی سرگرمیوں کی بہتر نگرانی ، سکیورٹی میں اضافہ،نظام میں شفافیت لائی جائے گی ، اقدامات کامقصد نظم وضبط پیداکرنا، حکام محکمہ تعلیم
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان سمیت تمام اضلاع کے سکولوں میں چھٹیوں سے قبل سی سی ٹی کیمرے اور بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے کی ہدایت تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں سکیورٹی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں تمام سکولوں کے کلاس رومز، دفاتر (آفسز) اور دیگر اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے جبکہ اساتذہ اور عملے کی حاضری کے لئے بائیومیٹرک حاضری سسٹم نصب کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ تعلیمی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعطیلات کے اختتام کے بعد مرحلہ وار تمام سکولوں میں کیمرے اور بائیومیٹرک نظام فعال بنایا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کی بہتر نگرانی، سکیورٹی میں اضافہ، شفافیت اور حاضری کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کلاس رومز اور سکول کے دیگر اہم حصوں کی نگرانی ممکن ہوگی، جبکہ بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری کو ڈیجیٹل انداز میں ریکارڈ کیا جائے گا، جس سے غیر حاضری اور تاخیر کی مؤثر نگرانی میں مدد ملے گی۔تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سکولوں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانا، طلبہ کے لئے محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا اور انتظامی امور میں شفافیت لانا ہے ۔ تاہم اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن یا تفصیلی پالیسی جاری کئے جانے کا انتظار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments