ایکسین میپکو کے ناروا سلوک کیخلاف ملازمین کی ہڑتال جاری
احتجاج میں یونین عہدیداروں اور کارکنوں کی شرکت، شفاف تحقیقات کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)میپکو واپڈا ملازمین کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی، جس میں ملازمین نے ایکسین واپڈا عمار صدیقی کے مبینہ ناروا سلوک کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔احتجاج میں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین کے عہدیداران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یونین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لائن سپرنٹنڈنٹ وقار انجم کو مبینہ طور پر دھمکیاں دی گئیں، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے اور بعد ازاں ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔یونین کے مطابق وقار انجم کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔احتجاجی ملازمین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ایکسین واپڈا کے خلاف محکمانہ اقدام اٹھایا جائے ۔مقررین نے کہا کہ ملازمین کو ہراساں کرنے کا سلسلہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ دوسری جانب ایکسین واپڈا عمار صدیقی کا موقف سامنے نہیں آ سکا۔ ہڑتالی ملازمین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments