ہسپتالوں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی،ڈپٹی کمشنر
ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ، مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ،سہولیات بہتر کرنیکی ہدایت
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہولی فیملی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، مختلف وارڈز، فارمیسی، صفائی کے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے ادویات کی دستیابی، علاج معالجے، عملے کے رویے اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری، بروقت اور بلاتعطل طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور ادویات کی دستیابی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی کی مجموعی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور بالخصوص واش رومز اور ٹوائلٹس کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹوائلٹس کی صفائی پر مامور عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے تاکہ ہر وقت صفائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جا سکے اور مریضوں، تیمارداروں اور عملے کو صاف ستھرا ماحول میسر آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت، صفائی کے ناقص انتظامات یا طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ہسپتالوں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments