علی پورچٹھہ:بارش سے سڑکیں تالاب ‘ ہائی سکول ڈوب گیا
نکاسی آب کا نظام ناکام ، پانی گھروں میں داخل ،کاروبار متاثر،متاثرین کا احتجاج
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )مون سون کی پہلی بارش نے بلدیہ علی پورچٹھہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا،شہر کی گلیاں، بازار اور سڑکیں تالاب بن گئیں، نکاسی آب کا نظام مکمل ناکام، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے بعد حکومت پنجاب نے تمام بلدیاتی اداروں کو واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ سیم نالوں، ڈرینج لائنوں اور سیوریج سسٹم کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے مگر شہریوں کے مطابق میونسپل کمیٹی عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی۔ شہر کے وسط سے گزرنے والا کئی سال سے زیر تعمیر سیم نالہ مختلف مقامات پر رکاوٹوں، کوڑا کرکٹ، جڑی بوٹیوں اور تجاوزات کے باعث پانی کی روانی برقرار نہ رکھ سکا جسکے نتیجے میں بارش کا پانی گھنٹوں سڑکوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں کھڑا رہا۔
متعدد محلوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا،موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں بند ہوتی رہیں جبکہ پیدل چلنے والے شہری بھی مشکلات سے دوچار رہے ، کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ ، سیکرٹری بلدیات ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ کی مجموعی کارکردگی اور مالی معاملات کا شفاف آڈٹ کرایا جائے ، نکاسی آب کے نظام کی فوری بحالی، سیم نالوں سے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments