پارٹنر سکولوں کی سبسڈی تین ہزار روپے کرنیکی تجویز
فی طالب علم مالی معاونت بڑھانے کی سفارش، باضابطہ اعلان جلد متوقع
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پی ای ایف) کے تحت چلنے والے پنجاب سکولز ریفارم پروگرام (پی ایس آر پی) کے پارٹنر سکولوں کے لئے فی طالب علم سبسڈی میں اضافے کی تجویز سامنے آگئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ایک ہزار 250 روپے فی طالب علم سبسڈی بڑھا کر تین ہزار روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مہنگائی، تدریسی اخراجات، اساتذہ کی تنخواہوں اور یوٹیلٹی بلوں میں اضافے کے پیش نظر تیار کی گئی سمری پر اعلیٰ سطح پر غور کیا جا چکا ہے ، جبکہ اس حوالے سے باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے ۔مجوزہ اضافے سے پنجاب بھر میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت کام کرنے والے ہزاروں پارٹنر سکولوں اور لاکھوں طلبہ کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے ۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق سبسڈی میں اضافہ نجی پارٹنر سکولوں کی مالی مشکلات کم کرنے کے ساتھ معیاری تعلیم، بہتر تدریسی ماحول اور جدید سہولیات کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کو نجی شعبے کے تعاون سے مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے مختلف پروگرامز چلا رہی ہے ، جن میں پنجاب سکولز ریفارم پروگرام بھی شامل ہے ۔ اس پروگرام کے تحت حکومت پارٹنر سکولوں کو فی طالب علم مقررہ سبسڈی فراہم کرتی ہے تاکہ مستحق طلبہ کی تعلیم بلا تعطل جاری رہ سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments