ماڈل گاؤں پروگرام ،بستی گجہ اور ڈھنڈ والا دوآبہ بستی کا جائزہ
اے ڈی سی کا دورہ ، ترقیاتی منصوبوں،سہولتوں، عوامی ضروریات کو چیک کیا
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت ماڈل گاؤں پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے بستی گجہ اور ڈھنڈ والا دوآبہ بستی کا تفصیلی دورہ کیااور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، دستیاب سہولیات اور عوامی ضروریات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ اے ڈی سی فنانس نے مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ماڈل گاؤں پروگرام کے تحت تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیا جائے تاکہ دیہی آبادی کو بہترین بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ماڈل گاؤں پروگرام کے تحت بستی گجہ اور دوآبہ بستی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، جدید سیوریج سسٹم، ٹف ٹائل والی گلیوں کی تعمیر، نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظام، صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات، اسٹریٹ لائٹس، سرسبز ماحول کی فراہمی اور دیگر بنیادی شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں کو جدید طرز پر ترقی دے کر وہاں کے رہائشیوں کو وہ تمام بنیادی سہولتیں مہیا کرنا ہے۔
جو شہری علاقوں میں دستیاب ہیں۔اے ڈی سی فنانس و ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ماڈل گاؤں پروگرام دیہی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے ، جس کے ذریعے عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ہر مرحلے میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments