پٹرولیم قیمتوں میں ردوبدل سے تاجر کو مشکلات،رانا اصغر
ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران لوہا مارکیٹ کے صدر حاجی شاہد شکور کی جانب سے تاجر اتحاد گروپ چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے عہدیداروں کے اعزاز میں عشائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں سینیٹر رانا محمود الحسن، ایم این اے سید علی موسیٰ گیلانی، رانا سجاد حسین، رانا محمد اصغر، ملک طاہر ڈوگر، عبدالصمد ڈوگر اور مختلف مارکیٹوں کے صدور و تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب میں ملکی معاشی صورتحال، مہنگائی، کاروباری سرگرمیوں اور تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر تاجر اتحاد گروپ رانا محمد اصغر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل سے کاروباری طبقہ اور عوام شدید بے یقینی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ، پیداواری لاگت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، لہٰذا حکومت قیمتوں کے تعین کے لئے شفاف اور مستحکم پالیسی اختیار کرے ۔سینئر تاجر رہنما ملک طاہر ڈوگر نے کہا کہ غیر یقینی معاشی پالیسیوں سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ انجمن تاجران لوہا مارکیٹ کے صدر حاجی شاہد شکور نے کہا کہ بجلی، گیس، ٹیکسوں اور دیگر اخراجات کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نے تاجروں کے مسائل مزید بڑھا دیئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قیمتوں کے تعین کا مؤثر نظام متعارف کرا کے مہنگائی پر قابو پایا جائے ۔جنرل سیکرٹری عبدالصمد ڈوگر نے کہا کہ معاشی استحکام کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو اعتماد میں لے کر ایسی معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں جو عوامی ریلیف، کاروباری استحکام اور معیشت کی بہتری میں معاون ثابت ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments