فروخت شدہ موٹر سائیکلوں کے ای چالان سابق مالکان کو موصول

فروخت شدہ موٹر سائیکلوں کے ای چالان سابق مالکان کو موصول

موٹر سائیکلیں نام منتقل نہ ہونے سے شہری پریشان،حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ

جہانیاں (نامہ نگار)جہانیاں، ٹھٹھہ صادق آباد اور گردونواح میں فروخت شدہ موٹر سائیکلوں کے ای چالان سابق مالکان کے نام جاری ہونے کے واقعات سامنے آنے لگے ہیں، جس پر متاثرہ شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مسئلے کے فوری حل اور اصل استعمال کنندگان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔متاثرین کے مطابق انہوں نے اپنی موٹر سائیکلیں کافی عرصہ قبل فروخت کر دی تھیں، تاہم بعد میں یہ موٹر سائیکلیں مختلف افراد کے زیر استعمال رہیں۔ اس کے باوجود سیف سٹی کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری ہونے والے ای چالان اب بھی سابق مالکان کے نام پر موصول ہو رہے ہیں، جس سے انہیں غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس موصول ہونے والے ای چالان کے پیغامات موجود ہیں، جن کی مدد سے متعلقہ ادارے اصل استعمال کنندہ تک آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل کی خرید و فروخت کے بعد اگر نیا مالک اسے قانونی طریقے سے اپنے نام منتقل نہ کروائے تو ریکارڈ میں سابق مالک ہی ذمہ دار رہتا ہے ، جس کے باعث ای چالان بھی اسی کے نام جاری ہوتے ہیں۔متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فروخت شدہ موٹر سائیکلوں کی ملکیت کی منتقلی کے عمل کو مؤثر بنایا جائے ، اصل استعمال کنندگان کو ٹریس کر کے قاانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور بے گناہ سابق مالکان کے نام پر ای چالان جاری ہونے کا سلسلہ مستقل طور پر ختم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...