مبینہ زیادتی مقدمہ، ملزم گرفتار نہ ہونے پر خاندان کا احتجاج جاری

مبینہ زیادتی مقدمہ، ملزم گرفتار نہ ہونے پر خاندان کا احتجاج جاری

متاثرہ خاندان کا شفاف تحقیقات،گرفتاری اور حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ

وہاڑی (خبر نگار)تھانہ لڈن کے علاقے اکبر شاہ کی رہائشی زرینہ بی بی نے اپنے بھائی محمد شبیر اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی لے پالک کمسن بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے مقدمے میں پولیس نے تاحال مؤثر کارروائی نہیں کی اور نامزد ملزم آزاد گھوم رہا ہے ۔زرینہ بی بی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اولاد نہ ہونے کے باعث انہوں نے اپنے بھائی کی بیٹی فاطمہ بی بی کی پرورش اپنی اولاد کی طرح کی۔ ان کے مطابق چند ماہ قبل خریداری سے واپسی پر انہوں نے بچی کو تشویشناک حالت میں پایا، جبکہ ان کے بقول نامزد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کے بعد تھانہ لڈن میں مقدمہ درج کرایا گیا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ابھی تک ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔فاطمہ بی بی کے والد محمد شبیر نے کہا کہ مبینہ واقعے سے پورا خاندان شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدمے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ وہ ڈی پی او وہاڑی، آر پی او ملتان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی رجوع کر چکے ہیں، تاہم ان کے بقول انہیں تاحال انصاف نہیں ملا۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ متاثرہ بچی کی میڈیکل رپورٹ ان کے مؤقف کی تائید کرتی ہے ۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمے کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، نامزد ملزم کو گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...