جعلی زرعی ادویات بنانے والے غیر قانونی یونٹ پر چھاپہ

 جعلی زرعی ادویات بنانے والے غیر قانونی یونٹ پر چھاپہ

24 لاکھ سے زائد مالیت کی جعلی زرعی ادویات برآمد، ملزمان فرار، مقدمہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)محکمہ زراعت (پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز) ملتان نے جعلی اور غیر رجسٹرڈ زرعی ادویات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے شاہ رکنِ عالم کے علاقے میں قائم ایک غیر قانونی مینوفیکچرنگ اور پیکنگ یونٹ پر چھاپہ مار دیا۔ کارروائی کے دوران 3 ہزار 799 کلوگرام جعلی زرعی ادویات، خام مال، پیکنگ میٹریل، خالی ڈبے ، لیبلز اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا، جس کی مجموعی مالیت 24 لاکھ 33 ہزار 876 روپے بتائی گئی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز) سید عصمت حسین کی سربراہی میں مخبر کی اطلاع پر کی گئی کارروائی میں ڈاکٹر عبدالرؤف، محمد اقبال اور دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔

چھاپے کے دوران معلوم ہوا کہ ایک رہائشی مکان میں مختلف رجسٹرڈ کمپنیوں کے نام استعمال کرتے ہوئے جعلی گرینیولر زرعی ادویات تیار اور پیک کی جا رہی تھیں۔محکمہ زراعت کی ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان یونس رضا، محمد رضا اور علی محمد رضا موقع سے فرار ہو گئے ۔ کارروائی کے دوران سات نمونے حاصل کرکے لیبارٹری تجزیے کے لئے بھجوا دیئے گئے ، جبکہ تمام برآمد شدہ سامان قبضے میں لے کر تھانہ شاہ رکنِ عالم میں مقدمہ درج کرانے کے لئے استغاثہ دائر کر دیا گیا۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق جعلی زرعی ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کے مطابق ذمہ دار عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...