پولیس مقابلہ، ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
ملتان (کرائم رپورٹر)تھانہ گلگشت کے علاقے سیداں والی کھوئی کے قریب پولیس مقابلے کے دوران چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم ارسلان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گشت اور ناکہ بندی کے دوران قبرستان موڑ سیداں والی کھوئی کے قریب موٹرسائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزموں نے رکنے کے بجائے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت جوابی کارروائی کی۔، جس کے بعد فائرنگ رکنے پر ایک ملزم زخمی حالت میں موقع پر ملا۔پولیس نے بتایا کہ زخمی ملزم کی شناخت ارسلان ولد آصف خان، سکنہ خان ویلیج کے نام سے ہوئی۔ اس کے قبضے سے ایک 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا گیا، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ گرفتار ملزم چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے ۔ زخمی ملزم کو ریسکیو 1122 کے ذریعے نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ فرار ہونے والے ملزموں کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کرکے تلاش کا عمل جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments