ڈکیتی کے بعد پولیس مقابلہ، ڈاکو موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار
سلطان کالونی پولیس کا تعاقب، ملزموں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)تھانہ سنانواں کی چوکی سلطان کالونی کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے بعد پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد ڈاکو موٹر سائیکل اور جوتے چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ رات لنگر سرائے روڈ پر مسلح ڈاکوؤں نے شاہ زور ڈالہ میں سوار تین افراد کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 63 ہزار روپے نقدی چھین لی اور فرار ہوگئے ۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی چوکی انچارج سلطان کالونی ایم نواز خان بلوچ اور پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا۔پولیس کے مطابق تعاقب کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
تاہم ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی سرخ رنگ کی ہنڈا 125 موٹر سائیکل (اپلائیڈ فار) اور جوتے موقع پر چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے موٹر سائیکل قبضے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔چوکی انچارج ایم نواز خان بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او کوٹ ادو منصور قمر کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments