کوٹ ادو میں بی آئی ایس پی ڈائنامک سروے 6ماہ سے بند
ایف آئی اے کارروائی کے بعد سموں کا اجرا ء معطل، رجسٹریشن و تصدیقی عمل متاثر
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ضلع کوٹ ادو میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا ڈائنامک سروے گزشتہ چھ ماہ سے بند ہونے کے باعث نئے مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن، پرانے مستحقین کے کوائف کی تصدیق اور معلومات کی اپ ڈیٹ کا عمل معطل ہے ، جس سے ہزاروں خواتین اور خاندان مشکلات کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق مستحق افراد روزانہ بی آئی ایس پی دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں، تاہم سروے کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ مستحقین کا کہنا ہے کہ سروے بند ہونے سے نہ صرف نئے درخواست گزار متاثر ہو رہے ہیں بلکہ وہ افراد بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جنہیں اپنے کوائف کی تصدیق، تبدیلی یا دیگر ضروری کارروائیاں مکمل کرانا تھیں۔دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) ڈیرہ غازی خان زون کی جانب سے بی آئی ایس پی کوٹ ادو دفتر میں سم کارڈز کے اجرا کے معاملے پر کارروائی کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق مستحق خواتین سے سم کارڈ کے اجرا کے عوض مبینہ رقم وصول کرنے کی شکایات پر ریکارڈ، کمپیوٹرز، بائیومیٹرک ڈیوائسز، سم کارڈز اور دیگر سامان قبضے میں لیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران جاز اور ٹیلی نار کے چھ ریٹیلرز کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ بی آئی ایس پی اور نادرا کے متعلقہ ملازمین کے خلاف شواہد نہ ملنے پر انہیں کلیئر کر دیا گیا۔مقامی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد سموں کے اجرا اور بائیومیٹرک تصدیقی عمل کی سہولت بھی متاثر ہوئی ہے ۔ مستحقین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائنامک سروے فوری بحال کیا جائے اور سموں کے اجرا کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ غریب خاندانوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments