جماعت اسلامی کا مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
واسا اور ستھرا پنجاب کے نام پر عوام پر اضافی مالی بوجھ ختم کیا جائے ، مقررین
کوٹ ادو (نامہ نگار)جماعت اسلامی ضلع کوٹ ادو کے زیر اہتمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے ، بھاری پٹرولیم لیوی، مہنگائی، واسا اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے نام پر عوام پر عائد اضافی مالی بوجھ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سول سوسائٹی، تاجر برادری، طلبہ تنظیموں، سماجی و سیاسی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹ ادو فرقان آصف بزدار نے کہا کہ حکومت اپنی پالیسیوں کا بوجھ غریب عوام پر منتقل کر رہی ہے ، جس کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کا سب سے زیادہ اثر مزدور، کسان، طلبہ، دیہاڑی دار، چھوٹے تاجروں اور متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے۔
پٹرول مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش، بجلی، زراعت اور روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے ۔فرقان آصف بزدار نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور اضافی مالی بوجھ فوری ختم کیا جائے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 7 اگست کو جماعت اسلامی کی جانب سے ضلع کوٹ ادو میں مرکزی شاہراہ پر بھرپور پہیہ جام احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے ’’ستھرا پنجاب‘‘ اور واسا کے نام پر وصول کیے جانے والے بلوں پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کیے بغیر اضافی وصولیاں قابل قبول نہیں۔ مظاہرے سے مفتی ریحان آفتاب، ظفر بھٹہ، جاوید اقبال اخوان اور چوہدری شفیق اظہر نے بھی خطاب کیا۔ شرکاء نے عوامی مسائل کے حل اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments