دو موٹر سائیکلوں میں خوفناک تصادم، دو افراد جاں بحق
دائرہ دین پناہ کے قریب حادثہ،ریسکیو نے زخمیوں اورلاشوں کو ہسپتال منتقل کیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) کوٹ ادو کے نواحی علاقے دائرہ دین پناہ کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں موٹر سائیکلیں آمنے سامنے ٹکرا گئیں، جس سے چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے ۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ’’محمد عرفان‘‘ اور ’’محمد شفیق‘‘ کے نام سے ہوئی ہے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار دائرہ دین پناہ شہر جبکہ دوسرا خان چوک کا رہائشی تھا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو منتقل کر دیا۔حادثے کی اطلاع ملنے پر تھانہ دائرہ دین پناہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ مقامی شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور تیز رفتاری کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments