بجلی بلوں نے تاجروں کی مشکلات بڑھا دیں، خواجہ شفیق
ملتان (لیڈی رپورٹر)بزرگ تاجر رہنما اور چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہا ہے کہ بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، معاشی بحران نے ہر طبقے کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ بجلی کے بھاری بل تاجروں کے لیے ناقابل برداشت بوجھ بن چکے ہیں۔
موجودہ حالات میں چھوٹے تاجروں کے لیے کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے یہ بات انجمن تاجران نظام آباد، پرانا شجاع آباد روڈ کے نومنتخب عہدیداران کی بلا مقابلہ کامیابی پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر خواجہ محمد شفیق، رانا شاہد الحسن، رانا سجاد حسین، خواجہ احمد نبیل، شیخ عبدالندیم، چوہدری محمد علی ناز اور چوہدری سلیم مقبول نے نومنتخب عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد دی۔
خواجہ شفیق نے کہا کہ تاجروں کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے گلی، محلہ، بازار اور چوک کی سطح پر مضبوط تنظیمیں قائم کرنی چاہئیں، کیونکہ اتحاد، اتفاق اور باہمی تعاون ہی تاجروں کی اصل طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن اور سازگار کاروباری ماحول سے ہی روزگار کے مواقع بڑھتے اور ملکی معیشت مضبوط ہوتی ہے ۔انہوں نے مختلف سرکاری اداروں کی کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ حقیقی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی ہونی چاہیے ۔پیپلزپارٹی رہنما رانا شاہد الحسن نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت کو ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہئیں۔ رانا سجاد حسین نے کہا کہ تاجروں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔نومنتخب صدر انجمن تاجران نظام آباد شیراز خان نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ تاجروں کے مسائل کے حل، تنظیم کی مضبوطی اور بازار کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ تقریب میں سلیم الرحمن میو، شیخ عبدالندیم، چوہدری محمد علی ناز، چوہدری سلیم مقبول اور دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments