ڈکیتی کا فوری سراغ، چار گھنٹوں میں تین ملزم گرفتار
دو لاکھ روپے نقدی، موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمد، مزید تفتیش جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوٹ ادو کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران دائرہ دین پناہ پولیس نے ڈکیتی کی واردات کا فوری سراغ لگا کر 4 گھنٹوں میں 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضہ سے ڈکیتی کی رقم، موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ڈی ایس پی کوٹ ادو وسیم اکبر خان لغاری کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ دائرہ دین پناہ عرفان فیض نے ٹیم کے ہمراہ واردات کے فوری بعد کارروائی شروع کی۔ پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عدنان کالرو، امیر حمزہ اور ساجد موچی کے نام سے ہوئی ہے ۔ ملزمان کے قبضہ سے 2 لاکھ روپے نقدی، موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے ۔ پولیس نے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور اس امر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ وہ دیگر وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں یا نہیں۔ایس ایچ او عرفان فیض نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments