جے یو آئی وہاڑی تنظیم کو یونٹ سطح پر فعال کرنے کا فیصلہ
ساہیوال میں ہونیوالے ورکرز کنونشن میں بھرپور شرکت کیلئے لائحہ عمل بھی تیار
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)جمعیت علما اسلام ضلع وہاڑی مجلس کا ماہانہ اجلاس جامع مسجد بلال، کالج ٹاؤن میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ضلعی امیر پیر قاری محمد صدیق نے کی جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا قاری محمد عمر فاروق نعمانی نے کنوینئر کے فرائض انجام دئیے ۔اجلاس میں تحصیل امیر وہاڑی مولانا قربان علی قاسمی، تحصیل جنرل سیکرٹری راؤ دین محمد، تحصیل امیر بورے والا حافظ محمد عثمان نعمانی، تحصیل جنرل سیکرٹری قاری دین محمد، مولانا غلام مرتضیٰ، مولانا عظمت اللہ، ضلعی سیکرٹری نشر و اشاعت سید عکاشہ گل، ضمیر شاہ، مولانا عبیداللہ، مفتی ظہیر عباس، حسن عبداللہ وٹو، چودھری محمد طاہر، مولانا خرم شہزاد، رانا ظفر حیات، مولانا رضوان اور ضلعی ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر محمد عظمان رانا سمیت عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی۔اجلاس میں 5 ستمبر کو ساہیوال میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں بھرپور شرکت کے لیے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔
کنونشن کے مہمان خصوصی قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان ہوں گے ۔ اجلاس میں تنظیم کو یونٹ سطح پر مزید فعال اور منظم کرنے کا بھی عزم کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر قاری محمد صدیق اور مولانا قاری عمر فاروق نعمانی نے کہا کہ ملکی سیاست میں مولانا فضل الرحمان کا اہم کردار ہے اور اہم سیاسی معاملات میں ان کی مشاورت کو اہمیت دی جاتی ہے ۔ کارکنوں کو چاہیے کہ وہ قائد جمعیت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور جماعت کو مضبوط بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے ورکرز کنونشن میں ضلع وہاڑی سے کارکن بھرپور شرکت کریں گے جبکہ ملتان میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس میں بھی ضلع بھر سے کارکن شریک ہوں گے ۔ دونوں پروگراموں میں شرکت کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments