پیپلزپارٹی نے پنجاب حکومت سے کارکردگی کا حساب مانگ لیا

پیپلزپارٹی نے پنجاب حکومت سے کارکردگی کا حساب مانگ لیا

مہنگائی، بیروزگاری ، بدامنی پر حکومت کو جواب دینا ہوگا،سید احمد محمود ودیگر

ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین، سٹی صدر ملک نسیم حسین لابر، ضلعی جنرل سیکرٹری راؤ ساجد، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ اور سٹی سیکرٹری اطلاعات خواجہ عمران نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پر تنقید سے پنجاب حکومت کی ناکامیاں چھپ نہیں سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی سیاست کا محور عوام کی خوشحالی اور مسائل کا حل ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی پر تنقید کے بجائے پنجاب میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور انتظامی مسائل کا جواب دیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب میں قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے جبکہ سرائیکی وسیب کے عوام کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومتی منصوبوں کے باوجود عوام کو بنیادی مسائل سے نجات نہیں مل رہی۔پیپلزپارٹی رہنماؤں نے کہا کہ صاف ستھرا پنجاب پروگرام بھی مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہا اور سرائیکی وسیب کے کئی بڑے شہر صفائی کے مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے ملتان میٹرو سروس کی بندش پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان، مزدور، تاجر، صنعتکار، طلبہ، خواتین اور سرکاری ملازمین مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی بیان بازی کے بجائے حکومتی کارکردگی کا حساب عوام کے سامنے پیش کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...