ایم آر آئی مشین خراب ،مریض پر یشان
ہسپتال میں روزانہ 80 مریضوں کے ٹیسٹ لیے جاتے ، فوری ضرورت والے مریض نجی مراکز کا رخ کرنے پر مجبور، چند ہی دنوں میں فیسوں میں ہزاروں روپے اضافہ بڑی تعداد میں مریضوں کے ٹیسٹ التوا کا شکار ، دور دراز علاقوں سے سرکاری ہسپتال پہنچتے ہیں، مشین بند ہونے کی وجہ سے مقررہ تاریخ پر بھی ٹیسٹ نہیں ہو رہا ، لوحقین
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں سرکاری ایم آر آئی مشین کی خرابی نے مریضوں کو دوہری اذیت میں مبتلا کر دیا، سینکڑوں مریض مقررہ تاریخوں پر بھی خالی ہاتھ واپس، فوری ایم آر آئی کی ضرورت والے مریض نجی مراکز کا رخ کرنے پر مجبور، جہاں مبینہ طور پر چند ہی دنوں میں فیسوں میں ہزاروں روپے اضافہ کر دیا گیا،ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فیصل ٹیچنگ ہسپتال میں روزانہ تقریباً80کے قریب مریضوں کے ایم آر آئی ٹیسٹ لیے جاتے ہیں سرکاری ہسپتال میں مریضوں کی بڑی تعداد کے باعث پہلے ہیایم آر آئی کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے اور بعض مریضوں کو تقریباً دو ماہ بعد کی تاریخ دی جاتی ہے ۔ تاہم مشین کی مسلسل خرابی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے اور بڑی تعداد میں مریضوں کے ٹیسٹ التوا کا شکار ہو گئے ہیں مریضوں اور لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ سرگودھا کے علاوہ دور دراز علاقوں سے سفر اور دیگر اخراجات برداشت کرکے سرکاری ہسپتال پہنچتے ہیں، لیکن ایم آر آئی مشین بند ہونے کی وجہ سے مقررہ تاریخ پر بھی تشخیصی سہولت میسر نہیں آتی۔ ڈاکٹر فیصل ٹیچنگ ہسپتال میں نارمل ایم آر آئی کی سرکاری فیس 3100 روپے جبکہ کنٹراسٹ ایم آر آئی کی فیس 3800 روپے مقرر ہے ۔ دوسری جانب مریضوں کا دعویٰ ہے کہ بعض نجی مراکز میں نارمل ایم آر آئی جو پہلے تقریباً 14 ہزار روپے میں کیا جاتا تھا، اس کی فیس بڑھا کر 18 ہزار روپے تک جبکہ کنٹراسٹ ایم آر آئی کے نرخ 18 ہزار سے بڑھا کر 22 ہزار روپے تک کر دیے گئے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments