بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کیلئے آگاہی اور تحقیق پر زور

بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کیلئے آگاہی اور تحقیق پر زور

ابتدائی تشخیص، علاج، ذہنی صحت اور خواتین کو بروقت طبی مشورے پر گفتگو

ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے اشتراک سے بریسٹ کینسر ریسرچ ڈے کے سلسلے میں آگاہی راؤنڈ ٹیبل ٹاک کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سعدیہ مشرف تھیں۔ نشست میں ماہرینِ امراضِ سرطان، نفسیات اور دیگر شعبوں کے ماہرین نے بریسٹ کینسر کی روک تھام، ابتدائی تشخیص، علاج، ذہنی صحت اور خواتین کو بروقت طبی مشورے سے روکنے والے سماجی و ثقافتی عوامل پر گفتگو کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کو صرف طبی معلومات تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ نفسیاتی رہنمائی بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے طبی سہولیات تک رسائی، اخراجات، خاندانی رویوں اور خواتین کی ہچکچاہٹ کو بروقت تشخیص میں اہم رکاوٹیں قرار دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے بریسٹ کینسر کا مؤثر علاج ممکن ہے ۔ انہوں نے بروقت طبی مشورے اور مستند معلومات کی فراہمی پر زور دیا۔ ماہرین نے صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے کردار پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ AI معاون ثابت ہوسکتی ہے ، تاہم طبی فیصلوں میں ماہرین کی رائے ضروری ہے ۔ اختتام پر تحقیق، آگاہی، نفسیاتی معاونت اور قابلِ رسائی طبی سہولیات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...