پرائمری سکولز میں ای سی ای کیئر گیورز تعیناتی کا طریقہ کار جاری

پرائمری سکولز میں ای سی ای کیئر گیورز تعیناتی کا طریقہ کار جاری

سکول کونسل کی منظوری سے عارضی خدمات انجام دینگے ، ماہانہ وظیفہ مقرر ہوگا

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن نے پرائمری سکولوں میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن (ای سی ای) کیئر گیورز کی تعیناتی کا طریقہ کار اور ضوابط جاری کردیئے ۔ حکومت پنجاب کی ای سی ای پالیسی 2017 کے تحت پرائمری سکولوں میں بچوں کی دیکھ بھال اور نشوونما کیلئے کیئر گیورز کی خدمات حاصل کرنے کا باقاعدہ فریم ورک جاری کیا گیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد ابتدائی تعلیم کے دوران بچوں کیلئے محفوظ، صاف ستھرا اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ۔ جاری ضوابط کے مطابق کیئر گیورز کی خدمات سکول کونسل کی منظوری سے این ایس بی یا ایس ایم سی گرانٹ کے ذریعے مقررہ ماہانہ وظیفے پر عارضی بنیادوں پر حاصل کی جائیں گی۔ کیئر گیورز کی ذمہ داریوں میں بچوں کیلئے تعلیمی اور جسمانی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، کھیل اور آرام کے اوقات کی نگرانی، غذائیت سے بھرپور خوراک کا انتظام، ای سی ای کلاس روم کے اثاثوں کی حفاظت اور صفائی یقینی بنانا شامل ہے ۔ بچوں میں کسی جذباتی یا نشوونما سے متعلق مسئلے کی صورت میں ہیڈ ٹیچر اور والدین کو آگاہ کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہوگی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق ملازمت عارضی نوعیت کی ہوگی اور غیر تسلی بخش کارکردگی یا مطلوبہ اہداف پورے نہ ہونے پر بغیر نوٹس ختم کی جاسکے گی۔ کیئر گیورز مقررہ وظیفے کے علاوہ کسی مالی مراعت کے حقدار نہیں ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...