بغیر ٹکٹ ٹرین مسافروں سے 1لاکھ روپے وصول
ملتان (خصوصی رپورٹر) پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن میں ٹکٹنگ قوانین پر عملدرآمد، ریلوے آمدن کے تحفظ اور مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹکٹ چیکنگ اور فیلڈ انسپیکشن کا سلسلہ جاری ہے ۔
اس سلسلے میں 2 ڈاؤن خیبر میل اور 11 اپ ہزارہ ایکسپریس میں ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ دوران چیکنگ مجموعی طور پر 59 کیسز سامنے آئے۔ ، جن سے کرائے کی مد میں 92 ہزار 914 روپے جبکہ جرمانے کی مد میں 18 ہزار روپے وصول کیے گئے ۔ یوں مجموعی طور پر ایک لاکھ 10 ہزار 914 روپے ریلوے خزانے میں جمع کرائے گئے ۔دوران معائنہ دونوں ٹرینوں میں موجود حفاظتی آلات کی دستیابی اور کارکردگی بھی چیک کی گئی۔ حکام نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام سیفٹی آلات فعال حالت میں رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انہیں بروقت استعمال کیا جاسکے ۔ پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن کی جانب سے مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران مقررہ کرایہ ادا کرکے باقاعدہ ٹکٹ حاصل کریں اور ریلوے قوانین کی پابندی کریں۔ حکام کے مطابق ٹکٹنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چیکنگ اور کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments