خانیوال : ایل پی جی 500 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی
خانیوال : ایل پی جی 500 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنا ئی جائے : پریشان شہریوں کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) خانیوال کے مختلف علاقوں بالخصوص لاہور موڑ، ہیبت کوٹ، اسلام پارک اور دیگر آبادیوں میں ایل پی جی مبینہ طور پر مقررہ نرخوں کے برعکس 500 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی ہے ، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں نے ماہانہ گھریلو بجٹ متاثر کردیا ہے اور غریب و متوسط طبقے کے لیے مہنگی گیس خریدنا مشکل ہوگیا ہے ۔ صارفین کے مطابق بعض دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کی پابندی پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں ایل پی جی کے الگ الگ نرخ بتائے جاتے ہیں، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہری حلقوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی مؤثر چیکنگ نہ ہونے سے بعض دکانداروں کو من مانی قیمتیں وصول کرنے کا موقع مل رہا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں کے باقاعدہ معائنے ، نرخ ناموں کی جانچ اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف جرمانوں کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور سول ڈیفنس حکام سے لاہور موڑ، ہیبت کوٹ، اسلام پارک سمیت دیگر علاقوں میں فوری کریک ڈاؤن اور مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments