تجاوزات کیخلاف آپریشن، جنرل بس سٹینڈ ، وہاڑی چوک کلیئر
ناجائز تعمیرات مسمار، غیر قانونی تجاوزات، سرکاری اراضی پر قبضہ برداشت نہیں،ڈی سی
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ نے شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لئے جنرل بس سٹینڈ اور وہاڑی چوک پر بھرپور آپریشن کرتے ہوئے ناجائز تعمیرات مسمار اور سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ہونے والے آپریشن کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محسن نثار اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان نے کی۔ کارروائی کے دوران متعلقہ افسروں اور فیلڈ ٹیموں نے موقع پر موجود غیر قانونی تعمیرات مسمار کرکے تجاوزات کا خاتمہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قبضے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر نگرانی تحفظِ ملکیتی آرڈیننس کے تحت سکروٹنی کمیٹی شہریوں کے ملکیتی تنازعات کے حل کے لیے سرگرم ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر نے سکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں مختلف کیسز کی سماعت کی اور متعلقہ فریقین کے موقف سنے ۔ اجلاس میں ملکیتی معاملات سے متعلق دستیاب ریکارڈ اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر نے کہا کہ حقائق کی روشنی میں کیسز کو قانون کے مطابق آگے بڑھایا جارہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments