تاجر پولیو کے خاتمہ کیلئے تعاون کریں، اظہر ممتاز ٹیپو

تاجر پولیو کے خاتمہ کیلئے تعاون کریں، اظہر ممتاز ٹیپو

شہریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے مرض سے متعلق غلط فہمیاں دور کرناہونگی

ملتان(لیڈی رپورٹر )ایوان تجارت و صنعت ملتان میں ورلڈ پولیو ڈے کے سلسلے میں آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پولیو کے خاتمے ، بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے اور معاشرے میں ویکسینیشن سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے پر زور دیا گیا۔ تقریب سے ایوان تجارت و صنعت ملتان کے سینئر نائب صدر اظہر ممتاز ٹیپو، محکمہ صحت کے نمائندے محمد وقاص، ڈاکٹر شوکت، سیکرٹری جنرل محمد شفیق اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن مرزا شاہد حسین نے خطاب کیا، جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نواب عاطف اشفاق، پولیو پلس کمیٹی کے ممبر محمد حنیف اور دیگر شرکاء بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر اظہر ممتاز ٹیپو نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لئے انہیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور اس حوالے سے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے اور بے بنیاد باتوں کو مسترد کریں۔ گھر گھر آنے والی پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ ہمیں جہالت اور غلط فہمیوں سے نکل کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا تاکہ اپنے بچوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے جاری قومی کوششوں میں محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا اور کاروباری برادری کو بھی اس قومی مہم میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے متحرک کیا جائے گا۔محمد وقاص نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں 1990ء کے دوران پولیو کے تقریباً 20 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے ، جبکہ 2026ء میں اب تک کیسز کی تعداد سات بتائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کے ذریعے پولیو کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی ممکن ہوئی ہے ، تاہم چند کیسز کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...