بیس بال چیمپئن شپ،پاک آرمی اور ایچ ای سی فائنل میں
پاک آرمی نے پنجاب کو 18-0 سے ہراہا، ایچ ای سی نے جی ایف ڈیسکو کو مات دی
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان میں جاری 27ویں سید خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز میں پاک آرمی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کامیابی حاصل کرکے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ چیمپئن شپ کا فائنل آج کھیلا جائے گا، جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر محمد فیصل سلیم ہوں گے ۔پہلے سیمی فائنل میں پاک آرمی نے پنجاب کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 18-0 سے شکست دے دی۔ پاک آرمی کی جانب سے حسین اسد، علی اور شہزاد نے تین، تین جبکہ نذیر اکرم اور عمر ریاض نے دو، دو رنز سکور کئے ۔ یونس، علی رضا اور آفتاب نے ایک، ایک رن بنایا، جبکہ پنجاب کی ٹیم کوئی رن سکور نہ کر سکی۔دوسرے سیمی فائنل میں ایچ ای سی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جی ایف ڈیسکو کو 3-2 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایچ ای سی کی جانب سے آشیر ریان اور فضل ربی نے ایک، ایک رن سکور کیا، جبکہ جی ایف ڈیسکو کی جانب سے جواد علی اور محمد وسیم نے بھی ایک، ایک رن بنایا۔سیمی فائنلز کے مہمان خصوصی سی ای او لودھراں پائلٹ پراجیکٹ ڈاکٹر عبدالصبور تھے ۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ان کا تعارف کرایا گیا اور گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔ مہمان خصوصی کا استقبال پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر ڈاکٹر حمود لکھوی، سیکرٹری جنرل طاہر محمود، آرگنائزنگ سیکرٹری محمد جمیل کامران اور ظفر شیروانی نے کیا۔ڈاکٹر عبدالصبور نے کہا کہ کھیلوں میں ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے کام کرنے والے منتظمین سے بھرپور تعاون کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments